بجلی چوری روکنے کیلئے لیسکو کا بڑا منصوبہ، ایک لاکھ سے زائد سمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) بجلی چوری اور لائن لاسز کے باعث ہونے والے اربوں روپے کے مالی نقصان پر قابو پانے کے لیے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بڑے پیمانے پر سمارٹ میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے لیسکو کو ایک لاکھ سے زائد اے ایم آئی (AMI) سمارٹ میٹرز نصب کرنے کا ہدف دیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ سمارٹ میٹرز بالخصوص ان فیڈرز پر نصب کیے جائیں گے جہاں لائن لاسز اور بجلی چوری کی شرح زیادہ ہے۔

منصوبے کے تحت تقریباً 1 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے سنگل فیز اور تھری فیز سمارٹ میٹرز لگائے جائیں گے، جبکہ لیسکو حکام کو رواں سال کے دوران نیپرا کی جانب سے مقرر کردہ اہداف مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ہائی لائن لاسز والے علاقوں میں 94 ہزار 800 سنگل فیز جبکہ بجلی چوری سے متاثرہ علاقوں میں 5 ہزار 400 تھری فیز سمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔

لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ جدید سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی چوری کی مؤثر نگرانی، لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی تقسیم کے نظام میں شفافیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں

Back to top button