لیسکو کادوہرا معیار، عام صارفین اور سرکاری اداروں کے لیے مختلف پالیسی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں اے ایم آئی (AMI) سنگل فیز سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے معاملے پر مبینہ طور پر دوہرے معیار کا انکشاف ہوا ہے، جہاں عام صارفین کے لیے روایتی سٹیٹک میٹرز جبکہ پنجاب حکومت کے اداروں کے لیے جدید سمارٹ میٹرز کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو نے پنجاب حکومت کے مختلف سرکاری اداروں میں نصب روایتی بجلی میٹرز کو اے ایم آئی سمارٹ میٹرز سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے متعلقہ دفاتر کو باقاعدہ مراسلے بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
مراسلوں میں ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری اداروں کے بجلی کنکشنز کو جدید اے ایم آئی سمارٹ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے تاکہ بجلی کے استعمال کی نگرانی اور میٹر ریڈنگ کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ لیسکو کے ناردرن، سینٹرل اور ایسٹرن سرکلز کے علاوہ اوکاڑہ، سدرن، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور کے علاقوں میں واقع سرکاری اداروں تک بھی توسیع دیا جائے گا، جہاں مرحلہ وار سمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔
دوسری جانب عام صارفین کے لیے بدستور روایتی سٹیٹک میٹرز کی فراہمی جاری رہنے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ لیسکو کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔



