جنگ بندی کےباوجوداسرائیلی حملے،لبنان میں بچوں سمیت12افراد جاں بحق

بیروت(جانوڈاٹ پی کے)لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں12افراد ہلاک ہوگئے،حالانکہ دونوں فریقوں کے درمیان جنگ بندی نافذ ہے۔

لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق حملوں میں دو بچوں اور ایک امدادی کارکن سمیت متعدد افراد جان سے گئے۔ یہ حملے جنوبی لبنان کے ضلع نبطیہ اور مرجعیون کے مختلف دیہات میں کیے گئے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں رہائشی عمارتوں، بازاروں اور دیگر شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ بعض علاقوں میں امدادی ٹیموں پر بھی حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں حزب اللہ سے وابستہ ریسکیو سروس کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔یہ حملے ایک روز قبل اس وقت مزید شدت اختیار کر گئے جب اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے ایک کمانڈر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حملے میں حزب اللہ کی “رضوان فورس” کے ایک کمانڈر کو ہلاک کیا گیا۔17اپریل کو جنگ بندی نافذ ہونے کے باوجود جنوبی لبنان میں جھڑپیں اور فضائی حملے مسلسل جاری ہیں، جس کے باعث خطے میں امن کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے دریائے لیتانی کے شمال میں واقع چند دیہات کے لیے نئی انخلا وارننگز بھی جاری کی ہیں۔ دوسری جانب حزب اللہ بھی اسرائیلی فوجی پوزیشنز پر حملوں کے دعوے کرتی رہی ہے۔ادھر لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے کہا ہے کہ مستقل جنگ بندی ہی مستقبل کے مذاکرات کی بنیاد بن سکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے نمائندے آئندہ ہفتے واشنگٹن میں نئے امن مذاکرات کریں گے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ 14اور15مئی کو ہونے والے مذاکرات میں سرحدی کشیدگی، جنگ بندی اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button