میئر لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی لہر کی زیرِ صدارت میونسپل کارپوریشن کااجلاس

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کا اجلاس زیرصدارت میئر لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی لہر کی زیرِ صدارت ہوا. اجلاس میں شہر کی ترقی، خوبصورتی اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے سے متعلق مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں باغات اور گرین بیلٹس میں سولر لائٹس نصب کرنے، ہیٹ اسٹروک کیمپس قائم کرنے، نظر محلہ میں اسپورٹس گراؤنڈ بنانے، شہر کے مختلف مقامات پر الیکٹرک واٹر کولرز نصب کرنے، شہر کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے چوکوں اور چوراہوں کی اپ گریڈیشن، بڑے پیمانے پر انسدادِ تجاوزات آپریشن کرنے، جناح باغ سمیت دیگر مقامات پر فاؤنٹینز کی اپ گریڈیشن، شہر میں مزید فائر اسٹیشنز کے قیام اور نیو بس ٹرمینل کو فعال اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی تجاویز زیرِ غور آئیں. اس موقع پر کونسل کے تمام اراکین کی موجودگی میں پیش کردہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس کے بعد انہیں متفقہ طور پر اکثریتی رائے سے منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی میئر محمد امین شیخ، معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ خیر محمد شیخ، میونسپل کمشنر ڈاکٹر جاوید انور عباسی، نعیم تنیو، بابر ابڑو، محمد ابراہیم کھوسو، سدھام چند آہوجا، آمنہ جمالی، شبیراں جوکھیو، کمالاں برڑو، محمد قاسم بلوچ، غلام نبی بھٹو، شاہزیب ابڑو، عطا محمد ميمڻ اور زینت بھٹو سمیت میونسپل کارپوریشن کے حکام نے شرکت کی.



