لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں دیرینہ دشمنی پر قیامت ڈھا دی گئی، فائرنگ کے واقعے میں خاتون دو بیٹوں اور ایک بیٹی سمیت قتل کردی گئی، شوہر شدید زخمی ہوگیا، واقعہ تھانہ ماہوٹا کی حدود نوڈیرو روڈ پر رہائشی کالونی میں پیش آیا جہاں پر مسلح افراد کے گھر پر حملے اور فائرنگ میں 5 افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں 4 افراد دم توڑ گئے، مقتولین میں خاتون زرینہ، بیٹی صائمہ، دو بیٹے 18 سالہ روشن اور 21 سالہ ضمیر مغیری شامل ہیں جبکہ مقتولہ زرینہ کا شوہر بندہ علی مغیری شدید زخمی ہوگیا جس کو تشویشناک حالت میں کراچی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے. پولیس کے مطابق مغیری برادری کے دو گروپوں میں دیرینہ دشمنی پر افسوس ناک واقعہ پیش آیا، ملزمان فرار ہوگئے ہیں جن کی تلاش شروع کردی گئی. ادھر مقتولین کی لاشیں گاؤں رتوکوٹ گھر پہنچنے پر صف ماتم بچھ گئی، گاؤں میں ہر طرف سوگوار ماحول چھایا ہوا ہے.