لاہور میں ٹریفک حادثہ، موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی میں ٹکر سے 3 افراد جاں بحق


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سندرداس روڈ (ٹھنڈی سڑک) پر رات گئے موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک ٹکر کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں 2 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص دورانِ ریسکیو دم توڑ گیا۔ جاں بحق افراد میں 45 سالہ شاہد، 35 سالہ محسن ہارون اور 26 سالہ عدنان شامل ہیں۔
حادثہ سندر داس چوک سے سلطان پلی کے قریب ایچیسن کالج گیٹ کے سامنے پیش آیا۔ واقعے کے بعد ڈی ایس پی ٹریفک عقیل گجر موقع پر پہنچے اور ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔
تھانہ ریس کورس پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ سی ٹی او لاہور سید عبدالروف شیخ نے حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔