ڈیزل کی روزانہ بدلتی قیمتیں:گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کا بھی 8اگست سے ہڑتال کا اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک): گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی حکومت کی سخت معاشی پالیسیوں اور بھاری ٹیکسز کے خلاف 8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کی وجہ سے کاروبار کرنا ناُممکن ہو چکا ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ ٹول ٹیکس 250 روپے سے بڑھا کر 750 روپے کر دیا گیا ہے جبکہ ود ہولڈنگ ٹیکس میں بھی بے تحاشا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کو 7 فیصد سے گھٹا کر 2 فیصد پر لایا جائے اور ٹول ٹیکس 2024ء کی شرح پر واپس لایا جائے۔
عہدیداران نے کسٹم پالیسی اور ایکسل لوڈ کے جرمانوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر گاڑی میں ایک کارٹن بھی غیر کسٹم شدہ نکلے تو پوری گاڑی ضبط کرنے کی دھمکی دی جاتی ہے۔ حکومت پرانے قانون کی طرح 20 فیصد جرمانہ عائد کر کے گاڑی کو چھوڑے، کیونکہ اس وقت ایکسل لوڈ اور چالان کے نام پر ٹرانسپورٹرز کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔ زیادہ لوڈ کی گئی گاڑیوں کو فیکٹریوں کی سطح پر ہی روکا جائے نہ کہ روڈ پر چالان بنا کر منافع کمایا جائے۔
دوسری جانب، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفد کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی موٹروے جاوید اکبر ریاض سے ملاقات کی۔ ملاقات میں موٹروے پولیس کے جرمانوں، ایکسل لوڈ اور 10 ویلر گاڑیوں کے وزن کی حد سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملک شہزاد اعوان نے واضح کیا کہ آئی جی موٹروے چوہدری سلطان کی ہدایت پر بات چیت کے باوجود، اور ماضی کے وعدوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث 8 اگست کی ملک گیر پرامن ہڑتال کا فیصلہ قائم ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کو فوری طور پر مطالبات تسلیم کرنے چاہئیں۔



