لاہور میں موسلا دھار بارش، موسم خوشگوار، کئی علاقوں میں پانی جمع، مزید بارشوں کی پیشگوئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے متعدد نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونا شروع ہو گیا۔

بارش کا سلسلہ لاہور ہائیکورٹ، مال روڈ اور گردونواح سمیت مختلف علاقوں میں جاری رہا، جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گلشن راوی میں سب سے زیادہ 42.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سمن آباد میں 41.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ سگیاں میں 17.4 ملی میٹر، فرخ آباد میں 11.6 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 11 ملی میٹر اور لکشمی چوک میں 6.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 24 جولائی تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 20 سے 23 جولائی کے دوران شدید مون سون سسٹم اور مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی موجود ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور زیرِ تعمیر عمارتوں سے دور رہیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

مزید خبریں

Back to top button