لاہورپھردنیاکاآلودہ ترین شہر بن گیا،اے کیوآئی347ریکارڈ،شاہدرہ اورکاہنہ نومیں فضائی آلودگی500تک پہنچ گئی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور میں فضائی آلودگی کی شدت ایک بار پھر خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے اور شہر عالمی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ جمعے کی صبح 7 بجے پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 347 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں یہ سطح 500 تک پہنچ گئی۔
آئی کیو ایئر کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور عالمی درجہ بندی میں 288 اے کیو آئی کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ نئی دہلی 243 کے ساتھ دوسرے، سینیگال کا شہر ڈاکار 194 کے ساتھ تیسرے اور بھارتی شہر کولکتہ 178 اے کیو آئی کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔
پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق جمعرات کی صبح 7 بجے لاہور کا اے کیو آئی 305 تھا، جو جمعے کو بڑھ کر 347 ہوگیا۔ اس طرح ایک روز کے دوران ریڈنگ میں 42 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف پلیٹ فارمز کی ریڈنگز میں فرق مانیٹرنگ اسٹیشنز اور ڈیٹا اپ ڈیٹ ہونے کے اوقات کے باعث ہوسکتا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویش ناک رہی۔ ننکانہ صاحب 345 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے، قصور 292 کے ساتھ تیسرے، شیخوپورہ 278 کے ساتھ چوتھے اور وزیرآباد 275 اے کیو آئی کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں شاہدرہ، کاہنہ نو اور ملتان روڈ پر اے کیو آئی 500 تک پہنچ گیا، جبکہ گلبرگ تھری میں 394، ڈی ایچ اے فیز 6 میں 379 اور پنجاب یونیورسٹی کے علاقے میں 316 ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کے مطابق مشرقی ہواؤں کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں فضائی آلودگی بڑھی ہے۔ ان ہواؤں کے ذریعے سرحد پار سے آلودہ ہوا پنجاب میں داخل ہونے سے فضائی معیار متاثر ہوا۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ کی نگرانی میں لاہور میں اینٹی اسموگ گنز کا آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق فضائی آلودگی کی مانیٹرنگ ریڈنگز کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں مشینری تعینات کی جا رہی ہے اور زیادہ آلودگی والے مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جاتی ہے۔



