پی ٹی آئی کی مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلیے دائر درخواست مسترد، تحریری فیصلہ جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ دینے کے خلاف دائر کی گئی درخواست مسترد کرنے کا تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
جسٹس مرزا وقاص رؤف کی جانب سے میاں عثمان اکرم کی درخواست پر جاری فیصلے کے مطابق درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ جلسے کی اجازت نہ دینا آئین کے آرٹیکل 16 کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں واضح کیا کہ اگرچہ آئین کا آرٹیکل 16 شہریوں کو پُرامن اجتماع کی اجازت دیتا ہے، تاہم قانون کے تحت اس کی منظوری اور این او سی جاری کرنا ڈپٹی کمشنر کا اختیار ہے۔
فیصلے میں سرکاری وکیل کا بیان بھی شامل کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت اجلاس میں امن و امان کی نازک صورتِ حال کے پیشِ نظر جلسے کی اجازت نہ دینے کی سفارش کی گئی تھی، کیونکہ مینارِ پاکستان ایک عوامی تفریحی مقام ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ چونکہ ڈپٹی کمشنر 3 اگست کو ہی اس درخواست پر اپنا فیصلہ دے کر اسے خارج کر چکے ہیں، لہٰذا عدالت بھی اس درخواست کو مسترد کرتی ہے۔



