لاہور میں “معرکہ حق” کی عظیم فتح کا ایک سال مکمل ہونے پرشاندار جشن، آتشبازی سے آسمان جگمگا اٹھا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)معرکہ حق کی عظیم فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر لاہور کے لبرٹی چوک پر جشن منایا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ آتشبازی سے آسمان جگمگا اٹھا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے معرکہ حق کی عطیم فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر لبرٹی چوک پر شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام میں میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ معروف گلوکار ساحر علی بگا نے بھی اپنی شاندار پرفارمنس سے شرکا کا لہو گرمایا۔
جشن فتح کے پروگرام میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے خصوصی شرکت کی جبکہ رات 12 بجے شاندار آتشبازی کی گئی جس سے آسمان رنگوں و نور سے روشن ہو گیا۔
پروگرام میں صوبائی وزیر بلال یاسین، ڈی جی پی ایچ اے راجہ منصور بھی شریک ہوئے۔
شرکا سے گفتگو میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ لاہور کے عوام پاک فوج کیساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق اور اُس کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملک کا وقار بلند کیا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے قیادت کا حق ادا کر دیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مئی میں نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور گزشتہ برس مئی میں ہی پاکستان کو عظیم فتح نصیب ہوئی، افواج پاکستان نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور آج پاکستان دنیا میں امن کا پیمبر بنا ہوا ہے، اللہ تعالیٰ نے وطن عزیز کو دنیا میں عزت دی، پوری قوم فلیڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتی ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس طرح افواج پاکستان نے معرکہ حق لڑا آج ہم عوام کے ساتھ مل کر انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں ، ہم دشمن کے بزدل ارادوں کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، پاک فوج نے نہ صرف ہمارے وقار کو ناقابل تسخیر بنایا بلکہ پوری دنیا میں عزت دلوائی، آج پوری دنیا میں امن قائم کروانے کی زمہ داری پاکستان پر ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فوج، پاک فضائیہ کے شاہینوں،اور پاک بحریہ کو سلام پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف 10 مئی کو واہگہ بارڈر پر خطاب کریں گی۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کر رہا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر سینئر صوبائی وزیر نے پاکستان زندہ باد، پاکستان ہمیشہ زندہ باد کا پرجوش نعرہ بھی لگایا جس پر پنڈال میں موجود شرکا نے فلک شگاف انداز سے جواب دیا۔



