امن وامان برقرار نہ رکھنے پر ڈی سی اور ایس ایس پی کوٹلی معطل، نئے ڈپٹی کمشنر تعینات

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر حکومت نے ضلع کوٹلی میں امن و امان کی صورتحال برقرار نہ رکھنے اور فرائض میں غفلت برتنے پر بڑا انتظامی اقدام کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوٹلی راجہ عمران شاہین اور ایس ایس پی کوٹلی عدیل احمد لنگڑیال کو معطل کر دیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں افسران کے خلاف کارروائی ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو مؤثر انداز میں برقرار نہ رکھنے اور انتظامی ذمہ داریوں میں غفلت برتنے کے باعث کی گئی۔

حکومت نے عثمان صارم کو نیا ڈپٹی کمشنر کوٹلی مقرر کر دیا ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ نئی تعیناتی کے بعد ضلع میں انتظامی امور کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے واضح کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری پر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی متوقع ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button