بدین،بااثر افراد نے خاتون کا بچہ اغوا کرلیا،عدالتی حکم کے باوجود پولیس کا مقدمہ درج کرنے سے انکار

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)بدین میں ایک نوجوان خاتون نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ گاؤں اسحاق سومرو کی رہائشی نوجوان خاتون یاسمین سومرو نے بدین پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایک روز قبل ملزمان اشرف سومرو، شریف سومرو، جمیل سومرو، اکبر سومرو اور دیگر اس کے ڈیڑھ سالہ بیٹے شایان علی کو اغوا کرکے لے گئے انہوں نے بتایا کہ مزاحمت کرنے پر ملزمان نے ان پر حملہ بھی کیا جس سے وہ زخمی ہوگئیں۔ان کا کہنا تھا کہ واقعے پر سیشن جج بدین نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او بدین کو فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا،مگر پولیس نے بااثر ملزموں سے بھاری رشوت لے کر مقدمہ درج کرنے کے بجائے اغوا کا کیس درج کرنے سے انکار کردیا ہے۔یاسمین سومرو نے مزید کہا کہ پولیس ان پر صلح کرنے اور مقدمے سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا معصوم بیٹا تاحال بازیاب نہیں ہوسکا،پولیس ملزموں کیخلاف کارروائی کرنے سے گریز کر رہی ہے، جس کے باعث وہ شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے سیشن جج بدین، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی بدین اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے اغوا شدہ بیٹے شایان علی کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے، ملزمان کے خلاف اغوا اور حملے کا مقدمہ درج کیا جائے، اور واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔



