بجٹ اجلاس میں آئی جی پولیس کی عدم حاضری پر خیبر پختونخوا اسمبلی کا اظہارِ تشویش

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ نے آئی جی خیبر پختونخوا کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے بجٹ اجلاس کے دوران سینئر پولیس افسران کی عدم حاضری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مراسلے کے مطابق سپیکر اسمبلی اور اراکین نے آئی جی پولیس کی عدم موجودگی پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ اجلاس اور پولیس محکمے سے متعلق امور میں اعلیٰ پولیس حکام کی موجودگی ناگزیر ہے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ نے خبردار کیا کہ آئی جی پولیس کی عدم حاضری سے ایوان کی کارروائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ پولیس محکمے سے متعلق گرانٹس اور مطالباتِ زر پر بروقت اور مؤثر معاونت کے لیے متعلقہ افسران کی شرکت ضروری ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ آئی جی پولیس اور متعلقہ سینئر افسران کو آئندہ اسمبلی اجلاسوں میں اپنی حاضری یقینی بنانا ہوگی، خصوصاً جب پولیس سے متعلق امور زیر بحث ہوں۔
اعلامیے کے مطابق اسمبلی کارروائی کے ہموار اور مؤثر انعقاد کے لیے متعلقہ اداروں کی شرکت کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے، جبکہ مراسلے کی نقول وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے دفاتر کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔



