خضدار میں وطن پر قربان سپاہی تحسین سپردِ خاک،والد بیٹے کی شہادت پر مسرور

خضدار(جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زیدی میں دہشت گردوں کے ساتھ جوانمردی سے مقابلہ کرنے والے شہید سپاہی تحسین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خضدار کے علاقے زیدی میں جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی تحسین نے مقابلے کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور خود جان قربان کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
سپاہی تحسین 10 جولائی کو خضدار زیدی کے علاقے میں دہشت گردوں کے پولیس اسٹیشن حملے کو بہادری سے پسپا کرتے ہوئے شدید زخمی ہوئے اور وہ دوران علاج جام شہادت نوش کرگئے۔
شہید سپاہی کی نماز جنازہ آبائی علاقے میں ادا کردی گئی جس میں اہل خانہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا۔
نماز جنازہ میں سپاہی تحسین شہید کے والد کے حوصلے اور ایمان نے مادر وطن سے محبت کا عملی ثبوت پیش کیا اور پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
شہید سپاہی تحسین کے جنازے پر ننھے بیٹے کی آواز نے ہر پاکستانی کی آنکھ کو نم کردیا۔
وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے ایسے بہادر سپوت ہمیشہ قوم کا فخر رہیں گے۔



