پاکستان،سعودی عرب اورترکیہ نے امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم دے دیا،خواجہ آصف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو مسلم دنیا کے اتحاد کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اتحاد کے دروازے دیگر اسلامی ممالک کے لیے بھی بند نہیں ہیں اور موجودہ علاقائی صورتحال بالخصوص اسرائیل کے تناظر میں تمام مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا چاہیے۔
خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ تینوں ممالک دہشت گردی سمیت مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، اسی لیے ان کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ نہ صرف باہمی دفاعی تعاون کو مضبوط کرے گا بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے اتحاد اور مشترکہ سلامتی کی بنیاد بھی بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی معاہدے کی تمام تفصیلات مناسب وقت پر عوام کے سامنے لائی جائیں گی تاکہ اس کی نوعیت اور مقاصد سے متعلق کسی قسم کا ابہام باقی نہ رہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ صرف تین ممالک تک محدود نہیں بلکہ دیگر اسلامی ممالک کے لیے بھی اس کے دروازے کھلے ہیں۔ ان کے بقول موجودہ خطے کی صورتحال، خصوصاً اسرائیل سے متعلق پیدا ہونے والے چیلنجز، اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ تمام مسلم ممالک اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد ہوں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ اسلامی دنیا کے اتحاد کی ایک نئی شروعات ہے اور وقت آ گیا ہے کہ مسلم ممالک اپنے باہمی اختلافات بھی اسی پلیٹ فارم پر حل کریں تاکہ امت مسلمہ اجتماعی سلامتی، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی یہ پیش رفت مستقبل میں وسیع تر اسلامی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کا باعث بنے گی۔



