ایوان کا تقدس بحال کرنا ہوگا، پی ٹی آئی نے سیاسی رواداری کو نقصان پہنچایا، خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پارلیمان کے وقار اور تقدس کا تحفظ ہر رکن کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ سیاسی رواداری اور جمہوری روایات کے فروغ کے لیے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ضروری ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نوے کی دہائی کی سیاست سب کے سامنے ہے، تاہم گزشتہ چند برسوں میں پارلیمانی روایات کو شدید نقصان پہنچا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں ایوان کے اندر کیا کچھ نہیں ہوا، اب وقت آ گیا ہے کہ ماضی کی تلخیوں کو پیچھے چھوڑ کر پارلیمان کا وقار بحال کیا جائے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اگر میثاقِ جمہوریت میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے تو تمام سیاسی قوتوں کو مل کر اسے مزید مؤثر بنانا چاہیے تاکہ جمہوری نظام مضبوط ہو اور سیاسی استحکام کو فروغ ملے۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں آدھے گھنٹے کے اندر 55 قوانین منظور کیے گئے، جبکہ اپوزیشن سے مؤثر مشاورت کا عمل بھی نظر نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ دنوں میں ایوان کے اندر اپوزیشن سے بات چیت کا مثبت پیغام دیا ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ماضی کے تجربات سے سیکھتے ہوئے مفاہمت اور مکالمے کی سیاست کو اپنایا۔
وزیر دفاع کے مطابق پی ٹی آئی کے دور حکومت میں اپوزیشن اور حکومت کے درمیان رابطے نہ ہونے کے برابر تھے اور سیاسی اختلافات نے جمہوری ماحول کو متاثر کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں سیاسی و جمہوری روایات کو نقصان پہنچا اور برداشت کے کلچر کو فروغ نہیں مل سکا۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ ملکی مفاد، جمہوری استحکام اور پارلیمانی نظام کے وقار کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مکالمے، برداشت اور باہمی احترام کی روایت کو فروغ دینا ہوگا۔



