75 برس میں پہلی بار پاکستان کو ایسی عزت ملی، پنڈی اور اسلام آباد میں ایسا تعلق پہلے ہوتا تو کئی سنگ میل عبور ہو چکے ہوتے، خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ گزشتہ 75 برسوں میں پاکستان کو شاید پہلی بار عالمی سطح پر ایسا اعزاز اور وقار حاصل ہوا ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال قبل بھی ایک اہم جنگ لڑی تھی، جس میں مسلح افواج نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، جبکہ ملک اس وقت معاشی محاذ پر بھی ایک بڑی جدوجہد میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ریاستی اداروں کی نہیں بلکہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی مشترکہ جنگ ہے، اور اگر پوری قوم متحد ہو جائے تو اس چیلنج پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔

وزیر دفاع نے امریکی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ معاملات میں مثبت پیش رفت اور خطے میں امن کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے خلیجی ممالک پر بھی زور دیا کہ باہمی اختلافات ختم کرکے غزہ اور فلسطین کے عوام کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

خواجہ آصف نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس انداز میں سفارتی معاملات کو آگے بڑھایا، اس سے پاکستان کا عالمی تشخص مزید مضبوط ہوا۔

انہوں نے کہا کہ "پچھلے 75 سال میں اگر پنڈی اور اسلام آباد کے درمیان آج جیسا تعاون اور ہم آہنگی موجود ہوتی تو پاکستان کئی اہم سنگ میل پہلے ہی عبور کر چکا ہوتا۔”

وزیر دفاع نے ایرانی قیادت اور عوام کے عزم کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اگر مسلم دنیا میں اتحاد برقرار رہا تو مستقبل میں مسئلہ فلسطین کے حل کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button