خانیوال: نیازی چوک پر فائرنگ، 4 افراد قتل، پرانی دشمنی کا شبہ


خانیوال(جانوڈاٹ پی کے) ملتان روڈ پر واقع نیازی چوک کے قریب افسوسناک فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ذکاء اللہ اپنے بھائی اور رشتہ داروں کے ہمراہ عدالتی پیشی کے لیے جا رہے تھے کہ پہلے سے گھات لگائے نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں دو سگے بھائیوں سمیت چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔