لاہور گڑھی شاہو میں خوفناک حادثہ، ٹرالر کار پر چڑھ گیا، خاتون، بچہ اور ڈرائیور جاں بحق

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ پر تیز رفتار 22 ویلر ٹرالر کار پر چڑھ گیا، خوفناک حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون، بچہ اور کار ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے بھی امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ٹرالر تلے دبنے کے باعث کار بری طرح تباہ ہوگئی، جس کے بعد امدادی اہلکاروں نے گاڑی کو کاٹ کر جاں بحق افراد کی لاشیں باہر نکالیں۔

ریسکیو ٹیموں نے تینوں لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی گئی ہے۔ واقعے میں ملوث ٹرالر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب شہر کی سڑکوں پر رات گئے ہیوی ٹریفک کی آزادانہ نقل و حرکت پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق رات کے اوقات میں ٹریفک وارڈنز کی عدم موجودگی کے باعث ٹرکوں، ٹریکٹروں اور ٹرالروں کی تیز رفتاری اور مبینہ ریسنگ شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت کو مؤثر طریقے سے ریگولیٹ کیا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button