دیہی خواتین پنجاب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، ان کا تحفظ میری ریڈ لائن ہے، مریم نواز

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دیہی خواتین کی محنت، قربانیوں اور کاوشوں کا اعتراف کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دیہی خواتین نہ صرف گھروں کو آباد رکھتی ہیں بلکہ پنجاب کی زراعت اور معیشت کے استحکام میں بھی بنیادی کردار ادا کر رہی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ دیہی خواتین کی عظمت، انتھک محنت، احساس ذمہ داری اور قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کی محنت سے پنجاب کی زمین لہلہاتی ہے، خاندان خوشحال ہوتے ہیں اور معیشت مضبوط ہوتی ہے۔ دیہی عورت محض محنت کش نہیں بلکہ صوبے کی ترقی میں ایک اہم شراکت دار ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دیہی خواتین سمیت ہر عورت کا تحفظ ان کی ریڈ لائن ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ دیہی خواتین صرف کھیتی باڑی تک محدود نہ رہیں بلکہ خود فیصلے کرنے کے قابل ہوں اور معاشی طور پر خودمختار بنیں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے فعال کردار کے بغیر ممکن نہیں۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب حکومت دیہی خواتین کے لیے روزگار کے نئے مواقع، سہولتوں اور ہنرمندی کے پروگرام متعارف کرا رہی ہے۔ دیہی خواتین کسان کارڈ، لائیوسٹاک کارڈ اور ہمت کارڈ سے مستفید ہو رہی ہیں، جبکہ ان کے لیے کاروبار شروع کرنے کی غرض سے بلاسود قرضوں کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پنجاب کے تمام بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف کے ذریعے دیہی علاقوں کی طالبات کے لیے ترقی کے نئے راستے کھولے جا رہے ہیں۔ دیہی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق دیہی خواتین کو خودروزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مویشی بھی مہیا کیے جا رہے ہیں، جبکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دیہی خواتین کو ترقی کے عمل میں برابر کا شریک بنا کر انہیں بااختیار اور خودمختار بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



