امریکاجنگ پھیلاناچاہتاہےاسےمزیدذلت اٹھاناپڑےگی،ایرانی عوام اپنےحکام اوررہنماؤں پربھروسہ رکھیں،مجتبیٰ خامنہ ای

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نےکہا ہےکہ ایران کے ساتھ معاہدے کی بار بار خلاف ورزی سے ظاہر ہوتا ہےکہ امریکی صدر کے دستخط بے وقعت اور بے معنی ہیں۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق اپنے تحریری بیان میں ایرانی سپریم لیڈرکا کہنا تھا کہ آج ایک بار پھر امریکا نے اپنا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے ظاہر کر دیا ہے، جرائم اور وعدہ خلافیوں کا یہ سیاہ باب امریکا کی بے ایمانی، غیر معقول رویے، ناقابل اعتماد ہونے اور بدنیتی کا ایک اور ناقابل تردید ثبوت ہے۔

ایرانی سپریم لیڈرکا کہنا تھا کہ جبر، آمرانہ طرز عمل اور ظلم امریکا کے نظریے اور پالیسی کا ناقابل تقسیم حصہ ہیں۔

مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ایران اور امریکا کے صدور کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں نے ایک بار پھر ایک بنیادی حقیقت واضح کر دی ہے کہ امریکی صدر کے دستخط بالکل بے وقعت ہیں اور ان کی کوئی حیثیت نہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ امریکا تنازع کو مزید بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں اسے مزید بھاری قیمت اور مزید ذلت اٹھانا پڑےگی۔ امریکا کو یہ جان لینا چاہیے کہ ایران نے اس کے لیے ایسے سبق تیار کر رکھے ہیں جنہیں وہ کبھی فراموش نہیں کر سکےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نازک مرحلے پر سب سے اہم تقاضوں میں سے ایک یہ ہےکہ ہر سطح پر قومی یکجہتی کو برقرار رکھا جائے اور اپنے عزیز وطن کی عزت، وقار اور خودمختاری کا تحفظ کیا جائے، ایرانی عوام اور حکام باہمی اختلافات میں پڑنے سے اجتناب کریں، ایرانی عوام اپنے حکام اور رہنماؤں پر بھروسہ قائم کریں۔

انہوں نےکہا کہ امریکا جنگیں پھیلانا چاہتا ہے، امریکا پر بھروسہ نہیں کرسکتے۔غرور، خودپسندی اور خونخواری امریکی وتیرہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button