کراچی میں دن دہاڑے بڑی ڈکیتی، شاپنگ مال کی 3 جیولری شاپس سے ڈیڑھ کلو سونا لوٹ لیا گیا

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع آر بی ایس شاپنگ مال میں 6 مسلح ملزمان نے دن دہاڑے 3 جیولری شاپس کو لوٹ لیا، واردات کے دوران سونا اور چاندی لوٹنے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واردات آج دوپہر تقریباً 2 بجے پیش آئی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں مبینہ طور پر مسلح ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

دکانداروں کے مطابق ملزمان تقریباً 1500 گرام (ڈیڑھ کلو) سونا اور 14 کلو چاندی لوٹ کر فرار ہوئے۔ فرار کے دوران ملزمان اور دکانداروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

مبینہ طور پر مسلح ملزمان جاتے ہوئے ایک دکاندار کی پستول بھی ساتھ لے گئے۔

دن دہاڑے جیولری شاپس میں بڑی واردات کے باعث شاپنگ مال کے تاجروں اور دکانداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کے فرار کے روٹ کا جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ ان کی شناخت کی کوشش بھی جاری ہے۔

پولیس کے مطابق دستیاب شواہد کی روشنی میں ملزمان کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button