کراچی: 3 سالہ بچی کلثوم کے قتل کیس میں افسوسناک پیش رفت، پوسٹ مارٹم میں جنسی تشدد کی تصدیق

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) قائد آباد میں 3 سالہ بچی کلثوم کے بہیمانہ قتل کے کیس میں پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں بچی کے ساتھ جنسی تشدد کیے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق پوسٹ مارٹم کے دوران ایسے شواہد ملے ہیں جو جنسی تشدد کی نشاندہی کرتے ہیں۔ تاہم موت کی حتمی وجہ کے تعین کے لیے رپورٹ فی الحال محفوظ کر لی گئی ہے اور مختلف نمونے کیمیائی تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ موصول ہونے کے بعد موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ بچی کے والد محمد قاسم کی مدعیت میں قائد آباد تھانہ میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ اغوا، جنسی تشدد اور قتل کی دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

مدعی کے بیان کے مطابق بچی گزشتہ روز شام گھر کے باہر کھیلنے گئی تھی لیکن واپس نہیں لوٹی۔ اہل خانہ نے کافی تلاش کے باوجود اسے نہ پایا۔ بعد ازاں رات کے وقت اطلاع ملی کہ بچی کی لاش آٹے کی بوری میں بند حالت میں گھر کی گلی کے اندر پھینک دی گئی ہے۔

والد کے مطابق محلے کے افراد بچی کو فوری طور پر ہسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی کچھ وقت قبل ہی جاں بحق ہو چکی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ شواہد اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ علاقے میں شدید غم و غصے کا باعث بنا ہے اور شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button