جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس آج، سندھ، اسلام آباد اور پشاور ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتی پر غور ہوگا


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں سندھ، اسلام آباد اور پشاور ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی اور مستقلی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پانچ ایڈیشنل ججز کی تعیناتی سے متعلق اجلاس دوپہر 2 بجے ہوگا۔ اجلاس میں دو ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے اور آئینی بینچز کی مدت میں توسیع کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے حوالے سے اجلاس دوپہر 3 بجے منعقد ہوگا، جبکہ پشاور ہائیکورٹ میں پانچ ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر غور کے لیے اجلاس شام 4 بجے ہوگا۔
جوڈیشل کمیشن کے ایجنڈے میں پشاور ہائیکورٹ کے دو ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کا معاملہ بھی شامل ہے، جس پر اجلاس کے دوران غور کیا جائے گا۔
توقع ہے کہ مختلف ہائیکورٹس میں خالی اسامیوں کو پر کرنے اور عدالتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔