پی ٹی آئی کی ججز کے تبادلوں پر شدید تنقید، آزاد عدلیہ پر حملہ قرار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور رہنما بیرسٹر علی ظفر نے ججز کے حالیہ تبادلوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے آزاد عدلیہ کے خلاف اقدام قرار دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ 28 اپریل 2026 عدلیہ کے لیے افسوسناک دن ہے اور آج عدلیہ پر ’تیز وار‘ کیا گیا، تمام ہائیکورٹس میں ججز کی تعداد مکمل تھی، اس کے باوجود تبادلے کیے گئے جو عدلیہ کو تقسیم کرنے کے مترادف ہیں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ کسی بھی جج کا بلاوجہ تبادلہ نہیں کیا جا سکتا اور ایسا کرنا آئین کے منافی ہے، ان کے مطابق ججز کی ٹرانسفر کو بطور ’سزا‘ استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے عدالتی نظام کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، تبادلوں کی وجوہات سامنے لانا ضروری ہے، بصورت دیگر یہ بدنیتی پر مبنی اقدام تصور ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ججز کے تبادلوں سے قبل واضح قواعد و ضوابط بنائے جانے چاہئیں تھے جبکہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد اس حوالے سے رولز بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ ججز کی رضامندی کے بغیر تبادلہ نہیں ہونا چاہیے اور اس طرح کے فیصلے آزاد عدلیہ کے تصور کے خلاف ہیں، پارٹی اس اقدام کی بھرپور مخالفت کرے گی۔
اس موقع پر انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بھی تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں اور بشریٰ بی بی کو ذاتی معالجین کے ذریعے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔



