حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس ٹھٹھہ کا سینیئر صحافیوں کیخلاف پولیس کاروائیوں پراحتجاج

ٹھٹھہ(جاوید لطیف میمن )حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس ٹھٹھہ یونٹ کی جانب سے ٹھٹھہ میں سینیئر صحافیوں کے خلاف پولیس کاروائیوں کے خلاف احتجاج۔
غلام اللہ شھر سے تعلق رکھنے والے سینیئر صحافی پیرل پیاسی کو گرفتار کر کے اس پر جھوٹا مقدمہ درج کرنے اور ور شہر کے صحافی عبداللہ چانڈیو کو رپورٹنگ کے دوران ہراساں کرنے کے عمل کے خلاف حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے ایدھی سینٹر سے ریلی نکالی گئی۔
ریلی قومی شاہراہ کا گشت کرتی ہوئی پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے پہنچی، جہاں احتجاجی مظاہرہ کر کے پولیس کی بربریت کے خلاف زوردار نعرے بازی کی گئی۔
اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی رہنماؤں لالا رحمان سموں، اقبال ملاح، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے رہنماؤں منصور مری، جام فرید لاکھو، پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر اقبال جاکھرو، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس یونٹ ٹھٹھہ کے صدر شبیر بھٹی، عوامی تحریک کے ضلعی صدر عبدالرزاق چانڈیو، جے یو آئی رہنما مولانا سلیم عاطف، جئیے سندھ محاذ کے ضلعی صدر امجد شورو اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹھٹھہ پولیس نے ٹھٹھہ کے صحافیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
پولیس منشیات پر قابو پانے کے بجائے منشیات کے کاروبار سے پردہ اٹھانے والے صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ صحافی کبھی بھی سچ لکھنے سے گریز نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جس وقت سندھ کے اندر غیر یقینی صورتحال ہو، پانی کا شدید بحران ہو، زمینوں پر قبضے ہو رہے ہوں، لوگوں کے ضمیروں پر پہرے ہوں، اور اس وقت پولیس صحافیوں پر تشدد کر کے جھوٹے مقدمے درج کر کے غیر انسانی سلوک اپنا رہی ہے اور فورس کو صحافیوں کے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیرل پیاسی پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ درج کر کے بربریت کی گئی ہے اور عبداللہ چانڈیو کے ساتھ بھی پولیس نے بدسلوکی کر کے کیمرہ چھیننے کی کوش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں پر جھوٹے مقدمے درج ہونا اور گرفتاریاں ہمارے لیے نئی بات نہیں، یہ چند دنوں کی بات ہے، لیکن ہمارے کیمرے اور ہمارا قلم اس دھرتی اور مظلوم کی وارثی اور مالکی کے لیے بے دھڑک لکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیرل پیاسی پر درج جھوٹا مقدمہ ختم کر کے اسے فوری طور پر رہا نہ کیا گیا اور صحافی عبداللہ چانڈیو کو انصاف نہ دیا گیا تو محرم الحرام کے بعد ایس پی آفس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔



