پاکستانی فضاؤں میں امریکی جاسوس طیارے،کراچی اورگوادر کے قریب”پی-8 اے”کاایکشن!

لاہور(خصوصی رپورٹ/جانو ڈاٹ پی کے)بحرِ عرب اور ملکی ساحلی پٹی کے قریب غیر معمولی فوجی سرگرمیوں نے خطے میں شدید سیکیورٹی خدشات کو جنم دیا ہے۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق امریکی بحریہ کے جدید ترین ملٹری سرویلنس اور اینٹی سب میرین طیارے "پوزیڈن پی-8 اے” (Poseidon P-8A) کو کراچی، گوادر اور پاک بھارت میری ٹائم باؤنڈری کے قریب جاسوس پروازیں کرتے ہوئے ٹریک کیا گیا ہے۔یہ پروازیں یمن میں امریکی فوجی اڈے سے اڑان بھرنے کے بعد کی گئیں جس کا مقصد پاکستان کی سمندری حدود سے محض7سے 70کلومیٹر دور لنگر انداز5ایرانی کارگو ٹینکرز (بشمول ایریز، مہنم، دلربا، واٹا، اور پارنیا)کی کڑی نگرانی کرنا ہے۔یہ ایرانی جہاز امریکی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی (Blockage) کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں اور مبینہ طور پر شپ ٹو شپ آئل ٹرانسفر کے منتظر ہیں۔
یہ اہم ترین ڈویلپمنٹس ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب برکس (BRICS) کے حالیہ اجلاس میں شدید سفارتی تناؤ دیکھا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران متحدہ عرب امارات (UAE) کی مخالفت کے باعث ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کی مذمت کا مشترکہ اعلامیہ جاری نہ ہو سکا، جس پر ایرانی وزیر خارجہ عباس اراکچی نے نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یو اے ای کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس سفارتی ڈیڈ لاک کے بعد ایرانی سوشل میڈیا پر یو اے ای میں مقیم غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنے کی تنبیہ کی جا رہی ہے کہ حملے کی صورت میں امارات کھنڈر بن سکتا ہے۔




