امریکا نے ایران پر حملوں کیلئے اسرائیل کے فضائی اڈے استعمال کیے، اسرائیلی وزیر دفاع

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نےکہا ہےکہ حالیہ ہفتوں میں ایران پر فضائی حملےکرنےکے لیے امریکی جنگی طیاروں نے اسرائیلی فضائی اڈوں سے پروازیں کیں۔ایرانی جانتے ہیں کہ امریکی طیارے یہاں سے اڑان بھرتے ہیں اور ایندھن فراہم کرنے والے طیارے بھی یہیں سے روانہ ہوتے ہیں تاکہ حملے کیے جاسکیں۔
اسرائیلی ٹی وی چینل سےگفتگو میں اسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ ایرانیوں نے ایک ملک یعنی اسرائیل کے علاوہ ہر جگہ حملے کیے ہیں۔اسرائیل ایران کے توانائی کے مراکز کو نشانہ بنانا چاہتا ہے لیکن امریکا اس منصوبے سے اس وقت متفق نہیں۔
انہوں نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئےکہا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو ہم پوری طاقت سے جواب دیں گے، ہم ایران پر خود بھی حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کاٹز کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جمعہ کے بعد سے خطے میں نسبتاً سکون ہے، کیونکہ امریکا اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روک دیے ہیں۔



