امریکا پر عدم اعتماد برقرار، متضاد بیانات مفاہمتی عمل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، ایران

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے خبردار کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے امریکی حکام کے متضاد بیانات ایرانی عوام کے واشنگٹن پر پہلے سے موجود عدم اعتماد کو مزید گہرا کر سکتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی بیانات ایرانی عوام کے جمع شدہ عدم اعتماد میں کمی لانے کے بجائے ماضی میں کیے گئے وعدوں اور عہد شکنی کی یاد تازہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکمران حلقوں کو "عہد کے بدلے عہد” کے اصول کو مدنظر رکھنا چاہیے، جس کے تحت دونوں فریقوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی باہمی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور ایسی تشریحات سے گریز کریں جو مفاہمتی یادداشت کے واضح متن سے متصادم ہوں۔

ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے زور دیا کہ کسی بھی معاہدے کی کامیابی کے لیے طے شدہ شرائط اور ذمہ داریوں کا احترام ناگزیر ہے، بصورتِ دیگر باہمی اعتماد کی بحالی مشکل ہو جائے گی۔

اس سے قبل ایک اور بیان میں اسماعیل بقائی نے خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے حامی گروہوں پر بدامنی پھیلانے کے امریکی الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک امریکی مداخلت جاری رہے گی اور اسرائیل جنگی پالیسیوں پر عمل کرتا رہے گا، خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔

مزید خبریں

Back to top button