ترنول میں امن و امان کی صورتحال، طلال چوہدری کی علاقہ معززین سے ملاقات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، آئی جی اسلام آباد کیپٹن محمد سہیل چوہدری اور چیف کمشنر اسلام آباد نے ترنول کے بزرگ اور معزز شہریوں سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ترنول اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال سمیت جرائم کی روک تھام کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے علاقہ مشران سے امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عوامی تعاون انتہائی اہم ہے۔
ترنول کے نمایاں شہریوں اور بزرگوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم کی روک تھام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
علاقہ معززین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ترنول میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کیا جائے گا۔



