پی ٹی آئی کے 27 ستمبر احتجاج پر سماعت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا 3 رکنی لارجر بنچ تشکیل

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے معاملے کی سماعت کے لیے 3 رکنی لارجر بنچ تشکیل دے دیا۔

لارجر بنچ میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر کے علاوہ جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف شامل ہیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے گزشتہ سماعت کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز کو کل ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق ایک تاجر نے پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو احتجاج کے نتیجے میں ممکنہ نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق قانون پہلے ہی موجود ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے، اس لیے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو اہلخانہ اور ذاتی معالجین تک رسائی نہ ملنے کے خلاف 27 ستمبر کو احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button