16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر اہم پیشرفت، اسلام آباد ہائیکورٹ کے نوٹس

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق درخواست پر وزارت آئی ٹی، وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ اور وزارت قانون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پی ٹی اے اور پیمرا سے بھی جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے درخواست پر سماعت کی، جس میں بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لیے مؤثر عمر تصدیقی نظام وضع کرنے اور انہیں سوشل میڈیا کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے قانون سازی کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مختلف ممالک میں بچوں کے ڈیجیٹل تحفظ کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے، جبکہ بچوں کے بہترین مفاد کا تحفظ ریاست کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔

دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پیمرا میں بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق کوئی قانون موجود ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ اس حوالے سے اب تک کوئی مخصوص قانون نہیں بنایا جا سکا، تاہم پیمرا کے پاس شکایات کی صورت میں کارروائی کا اختیار موجود ہے۔

عدالت نے تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، جبکہ کیس کی مزید سماعت جواب موصول ہونے کے بعد ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button