بھارتی گلوکار ’’بادشاہ‘‘ کی مبینہ بیوی سامنے آگئی

نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی اداکارہ ایشا رکھی نے آخرکار ریپر اور گلوکار بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کر دی ہے۔
گزشتہ کئی ماہ سے دونوں کے درمیان شادی کی خبروں اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری تھا، تاہم اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک “آسک می اینی تھنگ” سیشن کے دوران اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے افواہوں کو ختم کر دیا۔
ایک مداح کے سوال پر انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ان کی شادی ہو چکی ہے، تاہم سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو فالو نہ کرنے سے متعلق سوالات پر انہوں نے مزاحیہ انداز اپنایا اور کہا کہ اس کا جواب ان کے شوہر دیں گے۔
بعد ازاں اداکارہ نے ایک رومانوی تصویر بھی شیئر کی جس میں دونوں خوشگوار موڈ میں نظر آئے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مبارکبادوں اور تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال مارچ میں بھی شادی سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں جب ایک نجی تقریب کی تصاویر وائرل ہوئیں جن میں دونوں کو روایتی انداز میں دیکھا گیا تھا۔



