پاکستان عالمی سطح پر امن کا علمبردار بن کر ابھرا، اب ہدف معاشی قوت بننا ہے، اسحاق ڈار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں منفرد مقام عطا کیا ہے اور آج پاکستان کا نام عالمی سطح پر گونج رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حاصل ہونے والی عزت و وقار پر پوری قوم شکر گزار ہے اور اب ملک کی منزل معاشی قوت بننا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف معاشی استحکام اور ترقی کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں جبکہ دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کا 983واں غسل مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا جبکہ داتا دربار کی توسیع کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک قومی قیادت نے ایٹمی پروگرام کی تکمیل اور مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایٹمی قوت بنا اور یہ ملک کے لیے ایک تاریخی کامیابی تھی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان نے امن کے قیام کے لیے مؤثر سفارتی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قیام امن کے لیے مسلسل کوششیں کیں، جس کے نتیجے میں پاکستان نے ثالثی کا اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے کی پاکستان نے سب سے پہلے مذمت کی اور مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا رہا۔ 28 فروری سے 25 جون تک پاکستان نے جنگ بندی اور امن کے قیام کے لیے بھرپور سفارتی سرگرمیاں جاری رکھیں، جنہیں عالمی سطح پر سراہا گیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کو "پیس میکر” کے طور پر جانتی ہے اور عالمی برادری پاکستان کی سفارتی صلاحیتوں کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے بعض منفی معاشی فیصلوں کی وجہ سے ملک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم موجودہ حکومت نے معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور پاکستان مسلسل ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button