نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی داتا دربار آمد، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے داتا دربار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مزار شریف پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملکی سلامتی، خوشحالی اور اُمتِ مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا کی۔

سیکرٹری اوقاف نے نائب وزیراعظم کو جاری ترقیاتی منصوبوں، انتظامی امور اور زائرین کی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

نائب وزیراعظم نے داتا دربار کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور جاری توسیعی پروگرام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کا مزار اَمن، روحانیت، رواداری اور اسلامی اقدار کا عظیم مرکز ہے، انہوں نے دربار شریف میں انفراسٹرکچر، صفائی، سکیورٹی، رش مینجمنٹ اور عوامی سہولیات میں بہتری کو حکومت کے عزم کا مظہر قرار دیا۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اس موقع پر کہا کہ داتا دربار میگا پراجیکٹ کو بروقت مکمل کیا جائے گا تاکہ زائرین کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

دورے کے دوران ایکسیئن سی اینڈ ڈبلیو محمد عیسیٰ، فہد نوید، جنرل منیجر نیسپاک عادل نذیر، ایکسیئن اوقاف قیصر منیر اور داتا دربار انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button