پاکستان، ترکیہ معاشی تعاون کے نئے دور میں داخل، سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے رکاوٹیں ختم کریں گے، اسحاق ڈار

استنبول(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معاشی شراکت داری کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
استنبول میں منعقدہ بی ٹو بی (B2B) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، تاریخی رفاقت اور عوامی محبت پر استوار ہیں، اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ موجودہ عالمی منظرنامے میں سفارت کاری کا محور صرف سیاسی تعلقات نہیں بلکہ معاشی تعاون بھی بن چکا ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے اور ترکیہ سمیت عالمی سرمایہ کاروں کو آئی ٹی، کان کنی، توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی بھرپور دعوت دیتا ہے۔
اسحاق ڈار نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہوگا، جس سے تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔



