عراق نے پاکستانی زائرین کیلئے نئی ویزا شرائط نافذ کر دیں، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) عراقی حکام نے پاکستانی زائرین اور زیارت گروپ آرگنائزرز کے لیے نئی ویزا ہدایات جاری کرتے ہوئے عراقی امیگریشن قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی تاکید کی ہے۔
نئے اعلامیے کے مطابق فیملی ویزا پر اکیلے سفر کرنے والے افراد کو عراق میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ 50 سال سے کم عمر اکیلے مرد زائرین کے عراق میں داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ ویزا مسترد ہونے یا سرحد پر داخلے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں ویزا فیس واپس نہیں کی جائے گی۔ مزید برآں عاشورہ اور اربعین کے لیے ایک ہی ویزا استعمال کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق عراقی ویزا صرف 30 روز کے لیے مؤثر ہوگا، جبکہ مقررہ مدت سے زیادہ قیام کرنے والے افراد کو جرمانے، ملک بدری اور مستقبل میں عراق میں داخلے پر تاحیات پابندی جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ عراق پہنچنے پر پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ عراقی امیگریشن حکام کی تحویل میں رہیں گے اور واپسی کے وقت متعلقہ ضابطوں کے مطابق واپس کیے جائیں گے۔
عراقی حکام نے زائرین اور ٹور آرگنائزرز کو مشورہ دیا ہے کہ سفر سے قبل تمام شرائط کا بغور جائزہ لیں تاکہ کسی قسم کی دشواری یا قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔



