پاکستان ایک مرتبہ پھر امریکا اور ایران معاہدہ کرانے کے لیے عالمی توجہ کا مرکز بن گیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) پاکستان ایک بار پھر امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے لیے عالمی سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل کے حالیہ دورہ ایران اور مختلف اعلیٰ سطح رابطوں کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان بیک ڈور ڈپلومیسی کے ذریعے مذاکرات دوبارہ فعال ہو گئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ابتدائی اعلیٰ سطح مذاکرات اسلام آباد میں منعقد ہو سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ مذاکرات اوپن ڈپلومیسی کے بجائے خفیہ اور غیر رسمی چینلز کے ذریعے آگے بڑھ رہے ہیں، جبکہ شیڈول دونوں فریقین کی مشاورت سے جلد طے کیا جائے گا۔

سفارتی حلقوں کے مطابق اگر پیش رفت جاری رہی تو آئندہ چند روز میں، ممکنہ طور پر عیدالاضحیٰ کے بعد، اعلیٰ سطح وفود کی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ہی مسودہ معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات کامیاب رہے تو حتمی معاہدے پر دستخط کے موقع پر دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت شریک ہو سکتی ہے، جبکہ اس پورے عمل کو حساس نوعیت کے باعث محدود سطح پر رکھا جا رہا ہے۔

پاکستانی حکام کا مؤقف ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button