ایران نے امریکا کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے شرائط نرم کر دیں، امریکی اخبار

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے شرائط نرم کر دی ہیں۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران نئی تجاویز میں ناکہ بندی کے فوری خاتمے سے بھی دستبردار ہو گا، ایران امریکا کی رضا مندی پر آئندہ ہفتے پاکستان میں مذاکرات کرنے پر بھی آمادہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے پاکستان کے ذریعے امریکا کو 14 نکاتی تجاویز بھیجی ہیں، تجاویز کے مطابق جوہری پروگرام اور میزائل پروگرام بات چیت کا حصہ نہیں ہو گا۔

امریکی اخبار کے مطابق آبنائے ہرمز کھولنے پر گفتگو ناکہ بندی ختم کرنے کے عمل سے مشروط ہے، امریکی پابندیوں میں نرمی کے بدلے جوہری امور پر بعد میں گفتگو کرنے کی بھی تجویز ہے۔

دوسری طرف ایرانی خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹرز کے ڈپٹی انسپیٹر سردار اسدی نے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی مسلح افواج مکمل تیاری کی حالت میں ہیں، ایران اور امریکا کے درمیان نئے سرے سے تصادم کا امکان ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر کا کہنا تھا کہ شواہد سے ظاہر ہےکہ امریکا کسی معاہدے کی پاسداری نہیں کرتا۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقاصد کے حصول تک تنازع سے نہیں نکل سکتے کیونکہ اس سے مسئلہ چند سالوں بعد دوبارہ پیدا ہو سکتا ہے۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر اعلان کیا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، ساتھ یہ بھی کہا کہ اگر ایران کو نہ روکتے تو اسرائیل اور یورپ کے پرزے پرزے کیے جاچکے ہوتے۔

ٹرمپ نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ امریکی بحریہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے لیے بحری قزاقوں جیسا کام کر رہی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے جہازوں، گارکو اور تیل پر قبضہ کر رہے ہیں، یہ بہت ہی منافع بخش کاروبار ہے، ہم بحری قزاقوں کی طرح ہیں لیکن ہم گیم نہیں کھیل رہے۔

مزید خبریں

Back to top button