ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و ایاز!

مکہ مکرمہ(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف،سعودی ولی عہدووزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں نماز جمعہ ادا کی۔نماز جمعہ کی ادائیگی کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، جبکہ سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔تینوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کی ایک ساتھ نماز جمعہ میں شرکت کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور اسلامی دنیا کے اتحاد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان مکہ مکرمہ میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شریک ہوئے، جہاں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی تعلقات کے فروغ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



