افزودہ یورینیم امریکا کے حوالے کرنا ناممکن ہے، ایران کا دوٹوک مؤقف

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ انتہائی افزودہ یورینیم واشنگٹن کے حوالے کرنا ناممکن ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ مذاکرات میں توجہ مستقل جنگ بندی پر مرکوز ہے جبکہ اس مرحلے پر جوہری مسئلے پر بات نہیں ہو رہی۔ انہوں نے بتایا کہ قطر کا وفد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے رابطے میں ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان اختلافات گہرے ہیں اور سفارت کاری میں وقت لگتا ہے، جبکہ مذاکرات میں پاکستان مرکزی ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
اس سے قبل ایک اور بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر کسی خود مختار ملک پر حملے کی اجازت نہیں دیتا، فروری کے آخر میں ہونے والا امریکی اسرائیلی حملہ واضح جارحیت تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کا حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری کو ایسے اقدامات پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔



