عباس عراقچی کا قطری وزیراعظم سے رابطہ، خطے کی صورتحال اور مذاکرات پر تبادلہ خیال

دوحہ(جانوڈاٹ پی کے)ایران کے وزیرِخارجہ عباس عراقچی نے قطر کے وزیرِاعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال اور جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق ایرانی وزیرِخارجہ نے قطری وزیراعظم کو امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کی موجودہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

قطری وزیرِاعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے جنگ کے فوری خاتمے کے لیے جاری سفارتی اور ثالثی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قطر خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انھوں نے خاص طور پر آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارت کے لیے اس اہم گزرگاہ کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کیا جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اب مذاکرات فون کال پر ہوں گے۔ 18 گھنٹوں کی پرواز کے بعد بار بار پاکستان جانا ممکن نہیں ہے۔

ایران کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی کی نئی تجویز کو بھی صدر ٹرمپ نے غیر اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تاہم یہ عندیہ بھی دیا کہ سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button