ہر4میں سے ایک پاکستانی کو ملک کی سمت درست ہونے کا یقین ہے،ایپسوس کا نیا سروے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)فرانسیسی تھنک ٹینک ایپسوس (Ipsos) نے پاکستان کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس جاری کردیا، جس کے مطابق معاشی دباؤ اب بھی پاکستانی عوام کی بڑی تشویش ہے، تاہم مستقبل کے حوالے سے امید میں بہتری آئی ہے۔
ایپسوس سروے کے مطابق ہر چار میں سے صرف ایک پاکستانی کو یقین ہے کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، جبکہ ملک کی سمت درست ہونے پر اعتماد رکھنے والوں کی مجموعی شرح 24 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اگست 2024 میں ملک کی سمت درست ہونے پر اعتماد رکھنے والوں کی شرح صرف 11 فیصد تھی، یعنی موجودہ سطح پر عوامی اعتماد میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
سروے میں بتایا گیا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت اب بھی عوام کو درپیش بڑے معاشی خدشات ہیں۔ ہر سات میں سے صرف ایک پاکستانی کے خیال میں ملک پہلے کے مقابلے میں مضبوط ہوا ہے۔
ایپسوس کے مطابق روزمرہ اور گھریلو ضروریات کی خریداری کے حوالے سے بھی عوام کا اعتماد کمزور ہے۔ 10 میں سے صرف ایک پاکستانی سمجھتا ہے کہ گھریلو یا ذاتی استعمال کی اشیا خریدنا آسان ہے۔
تاہم گھریلو اخراجات پورے کرنے کے حوالے سے عوام کا اعتماد گزشتہ سروے کے مقابلے میں بہتر ہوا ہے۔ اس کے باوجود سرمایہ کاری اور بڑی خریداریوں کے حوالے سے اعتماد اب بھی کم ہے، جبکہ روزگار کے تحفظ پر بھی عوام کا اعتماد کمزور دکھائی دیتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاشی حالات میں بہتری کے باوجود پاکستانی بڑے مالی فیصلے کرنے سے گریزاں ہیں۔ صرف 15 فیصد پاکستانی سرمایہ کاری کے حوالے سے پراعتماد ہیں۔
ایپسوس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معاشی بحالی کا عمل محتاط انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔ معاشی امید میں اضافہ ہوا ہے، تاہم مکمل معاشی اعتماد تاحال بحال نہیں ہوسکا۔



