مہنگائی نے عام آدمی کی ’’مت‘‘ ماردی،حکومت نے بھی اعتراف کرلیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ملک میں مہنگائی کی رفتار میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں ایک ہفتے کے دوران متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.79 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 15.16 فیصد تک پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 14 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 15 اشیا کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق چکن کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا اور ایک ہفتے میں چکن 48 روپے 40 پیسے فی کلو تک مہنگا ہوگیا۔ اسی دوران آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 74 روپے 75 پیسے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 47 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 56 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ دہی 4 روپے، دودھ 2 روپے 77 پیسے اور بیف 8 روپے 3 پیسے فی کلو مہنگا ہوگیا۔ادارہ شماریات کے مطابق مٹن، آلو، چائے، کیلے، کوکنگ آئل، پاؤڈر ملک اور سگریٹ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل رہے۔دوسری جانب گذشتہ ہفتے ٹماٹر، لہسن، انڈے، دال مسور، پیاز اور دال ماش کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔



