بھارتی وزیر دفاع جرمنی میں آبدوز کے اندر جاتے ہوئے پھنس گئے

فرینکفرٹ(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ جرمنی میں ایک آبدوز کے اندر جانے کی کوشش کے دوران پھنس گئے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع جرمنی کے دورے کے دوران ایک جرمن آبدوز کے اندر جانے کی کوشش کرتے ہیں۔راجناتھ سنگھ آبدوز کے اندر جانے کے لیے جیسے ہی اپنا ایک پاؤں اندر بنی سیڑھی پر رکھنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ان کا پاؤں سیڑھی پر پڑنے کے بجائے پھسل کر نیچے چلا جاتا ہے جبکہ بھارتی وزیر دفاع کا دوسرا پاؤں آبدوز کی اوپر والی سطح پر پھنس جاتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آبدوز پر موجود جرمن اہلکار بھارتی وزیر دفاع کو ہاتھوں سے پکڑ کر باہر نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔بھارتی وزیر دفاع کی آبدوز میں پھنسنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہو رہی ہے جس پر طرح طرح کے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔



