ننگرپارکر میں دو نایاب ہرنوں کا شکار، ملزمان کی گرفتاری نہ ہوئی تو دھرنا دیں گے، علاقہ مکین

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)ننگرپارکر کے گاؤں بہراؤ کے قریب دو نایاب نسل کے ہرنوں کے مبینہ شکار کا انکشاف ہوا ہے، جس پر مقامی افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی دیہاتیوں کا دعویٰ ہے کہ وہ شکار میں ملوث افراد کو پہچانتے ہیں اور متعلقہ حکام سے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

سماجی رہنما سردار سنگھ ورن نے کہا کہ رات کے وقت ننگرپارکر کے جنگلاتی علاقے میں نایاب ہرنوں کا شکار کیا گیا، جو جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ملوث افراد کے خلاف فوری مقدمہ درج نہ کیا گیا تو احتجاجاً دھرنا دیا جائے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ وائلڈ لائف کے افسران سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم کسی نے فون تک نہیں اٹھایا، جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نایاب جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور ہرنوں کے شکار میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button