ماتلی،نشئی نے نبیل سومرو نامی شخص کو کلہاڑی کے وار کرکے زخمی کردیا،حالت نازک

ماتلی(رپورٹ ایم آر گدی /جانو ڈاٹ پی کے)ماتلی میں منشیات، خصوصاً آئس کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس کے خطرناک اثرات ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئے، جہاں پاٹولی مسجد کے قریب آئس کے مبینہ عادی شخص نے نبيل سومرو ولد جمن سومرو پر کلہاڑی کے پے در پے وار کرکے اسے شدید زخمی کر دیا۔ زخمی کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر حیدرآباد منتقل کیا گیا، تاہم حالت نازک ہونے پر مزید علاج کے لیے کراچی ریفر کر دیا گیا۔ شہر میں پیش آنے والے اس تازہ واقعے نے منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور خصوصاً آئس کے استعمال پر ایک بار پھر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ماتلی میں اس سے قبل بھی آئس کے عادی افراد کے اہلخانہ متعدد بار پریس کلبوں اور میڈیا مراکز میں پہنچ کر اپنے بیٹوں اور رشتہ داروں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے رہے ہیں، جبکہ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ منشیات کے پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات نے عوام میں خوف و تشویش پیدا کر دی ہے۔ واقعے کے بعد شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔ نمائندہ: ایم آر گدی



