آئی سی سی کے نئے فارمیٹ سے 2027 ورلڈکپ کوالیفائر کی اہمیت بڑھ گئی، فاتح ٹیم براہِ راست ورلڈکپ کھیلے گی

دبئی (ویب ڈیسک) آئی سی سی کے نئے ورلڈکپ فارمیٹ کے بعد 2027 ون ڈے ورلڈکپ کوالیفائر کی اہمیت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، کیونکہ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو براہِ راست ورلڈکپ کے مرکزی مرحلے میں جگہ ملے گی۔

ذرائع کے مطابق 2027 ورلڈکپ کوالیفائر کا انعقاد 2027 کے آغاز میں متوقع ہے، تاہم میزبان ملک اور مکمل شیڈول کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق کوالیفائر کا فارمیٹ 2023 ایڈیشن کی طرز پر ہوگا، جس میں 10 ٹیمیں دو گروپس میں تقسیم ہوں گی، جبکہ گروپ مرحلے کے بعد سپر سکس راؤنڈ کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے نئے نظام کے تحت ستمبر 2026 تک ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست آٹھ ٹیمیں اور میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے براہِ راست 2027 ورلڈکپ کے مرکزی مرحلے میں جگہ حاصل کریں گے، جبکہ کوالیفائر کی فاتح ٹیم بھی براہِ راست ورلڈکپ میں شامل ہوگی۔

اس کے برعکس کوالیفائر میں دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو سپر سیریز کھیلنا ہوگی، جہاں صرف ایک ٹیم اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرے گی، جبکہ باقی دو ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق کوالیفائر میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں دو نچلی رینکنگ کی فل ممبر ٹیمیں،آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کی چار بہترین ٹیمیں،اور کوالیفائر پلے آف سے آنے والی چار ٹیمیں شامل ہوں گی۔

نئے فارمیٹ کے تحت کوالیفائر کی ہر کامیابی انتہائی اہم ہوگی، کیونکہ اب صرف ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم ہی براہِ راست ورلڈکپ کے مرکزی مرحلے میں جگہ بنا سکے گی۔

مزید خبریں

Back to top button