بدین: واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ملازمین سڑکوں پر نکل آئے، شدید احتجاج

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی اپیل پر بدین میں واپڈا ملازمین نے ادارے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا۔ ریلی واپڈا ڈویژنل آفس سے شروع ہو کر اللہ والا چوک تک پہنچی، جہاں ملازمین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا مظاہرے کی قیادت ڈویژنل چیئرمین غوث خان پٹھان، امید علی چانگ، اللہ بخش کاتیار، محمد امین نظامانی، منصور احمد بھان، مقبول سموں، نظیر احمد ملاح، نہال خان اور محمد جمن ترک سمیت دیگر یونین رہنماؤں نے کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونین رہنماؤں نے کہا کہ وفاقی حکومت قومی اداروں کی نجکاری کرکے اپنے من پسند افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کے ہزاروں ملازمین اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ادارے کی خدمت کر رہے ہیں، اس لیے ان کے روزگار کے ساتھ کسی قسم کا کھیل قبول نہیں کیا جائے گا رہنماؤں نے مزید کہا کہ اگر واپڈا کی نجکاری کی گئی تو ہزاروں ملازمین بے روزگار ہو جائیں گے جبکہ ان سے وابستہ خاندان بھی شدید معاشی بحران کا شکار ہوں گے، جو ان کے معاشی قتل کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملازمین کے حقوق پر کسی بھی قسم کا ڈاکہ برداشت نہیں کیا جائے گا یونین رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے عمل کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جائے اور ملازمین میں پیدا ہونے والی بے چینی اور تشویش کا خاتمہ کیا جائے۔



